واشنگٹن20جولائی(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)امریکامیں صدارتی الیکشن کے لیے ریپبلکن پارٹی نے ارب پتی کاروباری سیاستدان ڈونلڈ ٹرمپ کواپناامیدوارنامزدکردیاہے۔ ٹرمپ کو باضابطہ امیدوار بنانے کا اعلان پارٹی کے قومی کنونشن میں کیاگیا۔امریکی ریاست اوہائیو کے شہر کلیولینڈ میں ری پبلکن پارٹی کے کنونشن میں امریکی کانگریس کے ایوانِ نمائندگان کے اسپیکر پال رائن نے ڈونلڈ ٹرمپ کی ریاستی پرائمریز میں کامیابی کے تناظر میں انہیں رواں برس کے صدارتی الیکشن کے لیے بطورامیدوارنامزد کیا۔ اِس نامزدگی کے لیے ڈونلڈ ٹرمپ کو ریپبلکن پارٹی کے1725ڈیلیگیٹس کی حمایت حاصل ہوئی تھی۔اُن کو ایک درجن کے قریب امیدواروں کا سامنا تھا۔ ٹرمپ کے قریب ترین حریف ٹیڈ کروز تھے۔امریکی صدارتی الیکشن کا امیدوار بنانے کے باقاعدہ اعلان کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک ٹوئٹ پیغام میں کہا کہ یہ اُن کے لیے باعثِ فخر ہے اور وہ تمام تر کاوشوں کے ساتھ اپنی پارٹی اور کارکنوں کو مایوس نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں سب سے پہلے امریکا کے نعرے کو بھی شامل کیا۔ امریکی شہر نیویارک کے رہائشی ڈونلڈ ٹرمپ ریئل اسٹیٹ کے کاروبار سے منسلک ہیں۔کلیولینڈ میں منعقدہ کنونشن میں یہ اعلان بھی کیا گیا کہ صدارتی الیکشن میں مائیک پینس نائب صدر کے امیدوارہوں گے۔مائیک پینس پیشیکے اعتبار سے وکیل ہیں اور امریکی ریاست انڈیانا کے گورنر ہیں۔ ریپبلکن پارٹی کی پرائمریز کے دوران وہ ٹیڈ کروز کے ساتھیوں میں سے تھے۔کنونشن میں پارٹی مندوبین میں اختلافات اور تقسیم کا عنصر نمایاں تھا۔ اِس کنونشن میں ٹرمپ کے مخالف پارٹی مندوبین نے کھلی رائے شماری کرانے کی ایک کوشش بھی کی لیکن وہ اس میں کا میاب نہیں ہوسکے۔پارٹی کے کئی سینیئر اراکین بھی اس اجلاس میں شریک نہیں تھے۔بعض ناقدین کے خیال میں ٹرمپ کی اہلیہ میلانیاٹرمپ کی تقریر پر بھیایک چربہ تھی اور اِس میں کم و بیش ویسے ہی الفاظ استعمال کیے گئے ہیں جیسے مشیل اوباما نے باراک اوباما کی نامزدگی کے موقع پر کہے تھے۔اِس کنونشن میں ہلیری کلنٹن کے وزیر خارجہ کے دور میں ای میل کے استعمال اور ایف بی آئی پوچھ گچھ کی گونج بھی سنائی دی۔ نیو جرسی کے گورنر کرس کرسٹی نے پارٹی مندوبین کے سامنے ڈیموکریٹک پارٹی کی ممکنہ امیدوار کو ای میل کے تناظر میں مجرم قرار دیتے ہوئے اُنہیں جیل میں بند کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔ہلییری کلنٹن کی نامزدگی اگلے ہفتے کے دوران فلاڈیلفیا شہر میں ہونے والے ڈیموکریٹک پارٹی کے کنونشن میں دی جائے گی۔